Skip to main content

ولی عہد کی تقریر بہت اچھی تھی

بلاول نے تو قومی اسمبلی میں صرف ایک تقریر کی ، پیشہ وروں نے تو کمال کر دیاہے۔ برسات میں گداگران سخن قافلوں کی صورت نکل پڑے۔ ولی عہد کی معاملہ فہمی اور دان مندی سے لے کر اس کی خوبصورت انگریزی تک ، ایسے ایسے قصیدے لکھے گئے کہ الامان۔پیشہ وروں کے ان سارے قصائد پر مگر جناب توفیق بٹ کا یہ فقرہ بھاری رہا’’ بلاول کی تقریر اچھی تھی ، کاش اس کے ابو بھی اچھے ہوتے‘‘۔تقریر کے سحر سے احباب اگر نکل سکیں تو آئیے ذرا سندھ چلتے ہیں۔
یہ سندھ کی صوبائی اسمبلی ہے۔ اس صوبائی اسمبلی سے جمہوریت نے بہترین انتقام یوں لیا ہے کہ اراکین کے 6 ہزار سوالات کا جواب تک دینا گوارا نہیں کیا۔  کوئی مہذب ملک ہوتا تو حکومت شرم سے ڈوب مرتی کہ ایوان کے معزز اراکین سوالات پوچھتے رہ گئے اور حکومت نے 6 ہزار سوالات کا جواب نہیں دیا۔ یہ مگر ہم ہیں جو ہر واردات کے بعد اعلان کرتے ہیں کہ ہے کوئی ہم سا؟ آج پھر وہی حکومت ہے ، وہی وزیر اعلی اور عوام کے لیے آج پھر وہی دھوکہ ہے کہ اب راج کرے گی خلق خدا۔ خیر ہمیں اس سے کیا ؟ ہمارے لیے گداگران سخن کا یہ اعلان کافی ہے کہ ولی عہد کی تقریر بہت اچھی تھی۔
فروری 2018 ء میں اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی اس نے لکھا کہ سندھ کی عورت غذائیت کے شدید بحران کا شکار ہے۔ رپورٹ میں یہ خوفناک انکشاف کیا گیا کہ نائیجیریا کی عورت کو بھی سندھ کی عورت سے بہتر کھانے کو مل رہا ہے۔اقوام متحدہ نے یہ رپورٹ کسی مہذب ملک کے بارے میں جاری کی ہوتی تو وہاں طوفان اٹھ کھڑا ہوتا لیکن یہ پاکستان کا سندھ ہے جہاں حکمرانوں کے اطمینان کو اتنا کافی ہے ان کا بھٹو زندہ ہے۔ویسے بھی پریشان ہونے کی کیا ضرورت ہے۔ ولی عہد نے تقریر تو اچھی کی ہے۔
تھر میں جب موت اور وحشت کی کہانیاں سامنے آئیں تو سندھ ہائی کورٹ نے 2017 میںاس کا نوٹس لے لیا اور ایک رپورٹ طلب کر لی۔ صوبائی محکمہ صحت نے خود عدالت میں رپورٹ پیش کی جس میںتسلیم کیا کہ 2014 سے تب تک تھر میں قحط کی وجہ سے مر جانے والے بچوں کی تعداد( 1340) ایک ہزار تین سو چالیس ہے۔گڈ گورننس کا عالم یہ تھا کہ ہیلتھ سیکرٹری نے عداالت کے سامنے اعتراف کیا کہ پورے ضلع میں صرف دو چائلڈسپیشلسٹ کام کر رہے ہیں۔ چائلڈ سپیشلسٹس کی باقی ساری سیٹیں خالی پڑی ہیں۔سیکرٹری کے مطابق گڈ گورننس کا عالم یہ تھا کہ پورے ضلع میں صرف چار گائنا کالوجسٹ کام کر رہی تھیں۔لیبارٹریاں تباہ ہو چکی تھیں اور خود سیکرٹری نے تسلیم کیا کہ لیب ٹیکنیشنز کی 168 سیٹیں خالی پڑی ہیں۔ان ایام میں پیپلز پارٹی کے رہنما ہمیں پارلیمان کی بالادستی پر مصنوعی لہجے میں لیکچرز تو روز دیتے رہے لیکن مرتے بچوں کی کسی کو پرواہ نہیں۔70  فیصد بچے خون کی کمی کا شکار ہیں۔60 فیصد خواتین بنیادی طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے سندھ اسمبلی میں رپورٹ پیش کی کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت کے چار سالوں میں مریضوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ فنڈ میں ساڑے پانچ بلین کی کرپشن ہوئی ہے لیکن اس خوفناک انکشاف پر بھی کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔سب اسی پر خوش ہیں کہ ولی عہد نے تقریر بہت اچھی کی ہے۔

جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کے سامنے ڈاکٹر اقبال درانی نے تسلیم کیا کہ سندھ میں ہر سال کچھ بچے پہلے ہی مہینے  صرف اس لیے سکول چھوڑ کر چلے جاتے ہیں کہ سکولوں میں پانی دستیاب نہیں ہوتا۔ جسٹس صاحب نے پوچھا کتنی تعداد میں؟ اقبال کلہوڑو نے جواب دیا :’’ ہر سال ایک لاکھ بچے‘‘۔غور فرمائیے۔ یہ سکول چھوڑ کر جانے والے بچوں کی کل تعداد نہیں ہے۔ یہ صرف ان بچوں کی توداد ہے جو پہلے ہی مہینے سکول چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیںکیونکہ سکول میں پانی نہیں ہوتا۔ فشر فوک کے سروے کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی کے ساتھ واقع 95 فیصد سکولوں میں پینے کا پانی نہیں ہے۔ولی عہد کو اپنے البتہ جملہ درباریوں سمیت پانی منرل واٹر دستیاب ہے ، اس لیے پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں۔ ویسے بھی ولی عہد نے تقریر بہت اچھی کی ہے۔
 سپارک کے سروے کے مطابق پانچ سال سے سولہ سال کی عمر کے بچوں کا 50 فیصد سکولوں میں نہیں آ رہا۔تعلیم کا یہ حال ہے کہ سندھ میں ایک ہزار دو سو اکسٹھ (1261) سکول مکمل طور پر بند کیے جا چکے ہیںاور چار ہزار ایک سو تیئس ( 4123) سکول کاغذی طور پر تو موجود ہیں لیکن وہاں تدریس کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے۔وہاں نہ استاد جاتا ہے نہ کوئی طالب علم۔جو سکول کام کر رہے ہیں ان کے بارے میں یونیسف کی رپورٹ یہ ہے کہ لڑکیوں کے سکولوں میں سے 47 فیصد اور لڑکوں کے سکولوں میں 50  فیصد ایسے ہیں جن میں ٹوائلٹ کی سہولت نہیں ہے۔  لیکن ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ ولی عہد نے تقریر بہت اچھی کی ہے۔
کرپشن کی تو بات ہی کیا کرنی۔ یہ راز تو ساری دنیا کو معلوم ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی عمومی وجہ شہرت کیا رہی ہے۔سوئس حکومت کو خط نہیں لکھا اور وزیر اعظم یعنی اپنا پیادہ قربان کر دیا۔ دنیا انہیں جس نام سے یاد کرتی ہے ہمارے سامنے ہے۔صرف سندھ کول اتھارٹی میں جو کمالات دکھائے گئے وہ ہوش ربا ہیں۔معمولی نہیں 15 بلین کے معاملات پر تو سپریم کورٹ از خود نوٹس لے چکی ہے۔یہ جو چیخیں اٹھتی ہیں کہ چیف جسٹس اپنا کام کریں ادھر ادھر کیوں جاتے ہیں یہ چیخیں بے سبب نہیں۔ یہ کرپشن کے شرمناک الزام میں گرفتار ہو جاتے ہیں تو ساتھ ہی بیمار ہو کر ہسپتال پہنچ جاتے ہیں۔ ہسپتال میں چھاپہ پڑتا ہے تو ان کے کمروں سے شراب کی بوتلیں نکل آ تی ہیں۔لیکن خبر دار کوئی ان کے خلاف نہ بولے کیوں کہ اس سے جمہوریت خطرے میں پڑجائے گی۔اداروں کا انہوں نے ستیاناس کر دیا۔ جو ان کی کرپشن کی تفتیش کر رہا ہو اسے پراسرار طریقے سے موت آ جاتی ہے۔لیکن یہ سب فضول باتیں ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ ولی عہد نے تقریر بہت اچھی کی۔
سندھ میں انسداد بد عنوانی کا ایک صوبائی محکمہ ہے۔اسے انکوائریز اینڈاینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کہا جاتا ہے۔اس محکمے نے دس عدد میگا کرپشن کیسز پر تحقیقات شروع کیں۔ ان میں سند ھ ٹیکسٹ بک بورڈ ، سندھ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ،کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ، بورڈ آف ریونیو، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی، سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ جیسے ادارے شامل تھے۔سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں520 ملین کی کرپشن کی تحقیقات شروع کی گئیں۔یاد رہے ایک ملین دس لاکھ کا ہوتا ہے۔ تیسرے ہی دن یہ تحقیقات لپیٹ کر معاملے پر مٹی ڈال دی گئی۔لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ  اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی کہانی مزید خوفناک ہے۔ ایک سابق سیکرٹری نے ایک اکائونٹنٹ سے مل کر بھمبور ڈیری پراجیکٹ کے لیے 700 ملین نکلوائے اور ملک سے بھاگ گیا۔سندھ حکومت کو اس کرپشن کا علم تھا لیکن اس کی پانچ سال کی رخصت منظور کر لی گئی۔ بورڈ آف ریونیو کا کیس اس سے بھی سنگین تھا یہ 2000 ایکڑ زمین ہتھیا لینے کا معاملہ تھا۔یہ ساری تحقیقات اچانک ختم ہو گئیں۔ نہ کوئی گرفتار ہوا نہ کوئی ایف آئی آر ہوئی۔ہاں ولی عہد کی تقریر البتہ بہت اچھی تھی۔ تالیاں۔

Comments

Popular posts from this blog

Pakistan Sports Stories Review All Format 2021 | Pakistan Beat india in...

Needy, Interested, Serious Buyer Required

https://www.youtube.com/watch?v=VH0GYOOfrcc   Needy, Interested, Serious Buyer Required Please Sorry To Time Wasters. 4 Marla Double Story House Available On sales In Islam Pura near Ahmad street Chauhan Road Lahore Demand 1 Crore 5 Lac Contact Me On Call Or WhatsApp Me For Details And Info About Your Visiting Schedule And Plans 5 Rooms, 2 Kitchen, 2 Bath First Come, First Get Offer To All.   03244628796  03214841544